صوبائی وزیر کھیل سندھ سے وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر کی ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 14:03

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر سے وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے ملاقات کی۔ سندھ سیکریٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں نوجوانوں کی ترقی، فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ نوجوانوں کی بہتری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان منور علی مہیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر امورِ نوجوانان سید حبیب اللہ بھی موجود تھے۔فہد شفیق نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے ہر مثبت قدم کی مکمل حمایت کی جائے گی۔ جلد آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت دی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا پلان اور نیشنل یوتھ سیل کی تفصیلات محکمہ کھیل سندھ کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ مربوط حکمتِ عملی کے تحت نوجوانوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے دیرپا نتائج سامنے آئیں۔