ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات مہم جاری

جمعرات 7 اگست 2025 15:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) لاہور کو تجاوزات سے پاک اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات مہم جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر شہر بھر میں بلا امتیاز آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں 1200 سے زائد چھوٹی بڑی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا جبکہ 8 ٹرک سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

انسداد تجاوزات آپریشنز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی ای اوز پیرا کی سطح پر کی گئی۔ کارروائیاں تحصیل ماڈل ٹاون، سٹی، راوی، صدر اور کینٹ سمیت ضلع بھر میں عمل میں لائی گئیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا ہے کہ عوامی گزرگاہوں اور سڑکوں کو ہر صورت کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ڈی سی لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہٹائی گئی تجاوزات کو دوبارہ قائم ہونے سے روکنے کے لیے مستقل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مشن لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانا اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

متعلقہ عنوان :