دومعروف الیکٹرانکس کمپنیوں نے مسابقتی کمیشن میں 90 ملین روپے جرمانہ جمع کرا دیا

جمعرات 7 اگست 2025 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کو دو معروف الیکٹرنکس مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے جرمانہ کی ادائیگی کی مد میں 9 کروڑ روپے جمع کروا دیئے ہیں۔ سی سی پی نے دونوں کمپنیوں پر قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا تھا۔سی سی پی کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکٹرانکس مصنوعات تیار کرنے والی دونوں بڑی کمپنیاں اپنے ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز کو ایک مقررہ قیمت سے کم پر مصنوعات کی فروخت ، دکاندار کے اپنے کمیشن سے رعایت دینے یا پیکیج ڈیلز آفر کرنے سے روک رہی تھیں۔

ڈیلرز پر اس قسم کی پابندیاں مارکیٹ میں قیمتوں کے مقابلے میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں اور صارف کو بہتر قیمت نہیں ملتی ۔ کمپنیوں کی جانب سے اپنے ڈیلرز کو اس قسم کے معاہدوں پر مجبور کرنا مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ان کمپنیوں نے کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے کو کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا تاہم ٹربیونل نے کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کمپنیوں کو 30 دن کے اندر جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

سی سی پی نے تمام کاروباری اداروں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ قیمتوں کے تعین، کم سے کم یا زیادہ سے زیادہ ری سیل پرائس مقرر کرنے، رعایتوں یا پروموشنل آفرز پر پابندی لگانے جیسے اقدامات سے گریز کریں کیونکہ ایسے اقدامات کمپٹیشن ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور شفاف مارکیٹ کے اصولوں کے خلاف بھی ہیں۔