پشاور میں 15 روزہ’’پاک صاف خیبر پختونخوا‘‘ مہم جاری

جمعرات 7 اگست 2025 18:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے 15 روزہ صفائی مہم “پاک صاف خیبر پختونخوا” کو کامیاب بنانے کےلیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی، کچرے کی بروقت اٹھان، نکاسی آب کی بہتری، عوامی آگاہی واک، مہمات کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ، کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ، ٹاؤن انتظامیہ، سول ڈیفنس، پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران گلیوں، بازاروں، سرکاری دفاتر، سکولز اور ہسپتالوں میں خصوصی صفائی کا عمل جاری ہے۔عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے واکس، مساجد میں اعلانات اور سوشل میڈیا مہم بھی جاری ہے تاکہ شہریوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کہا ہے کہ یہ مہم صرف حکومتی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو مل کر اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈالیں، تجاوزات سے گریز کریں اور صفائی عملے سے تعاون یقینی بنائیں تاکہ پشاور کو ایک صحت مند اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔