محسن نقوی کی مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پردہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

جمعرات 7 اگست 2025 21:14

محسن نقوی کی مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پردہشتگردانہ حملے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر رضوان طاہر ، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس نیفرض کی ادائیگی میں شہادت کا اعلی رتبہ پایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے وطن کے لئے جان نچھاور کرکے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے جوانمردی سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی بلوچستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی گھنانی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا صفایا کریں گے ۔