جامعہ کراچی اور اورنج ٹری فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 7 اگست 2025 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ (ماس کمیونیکیشن) اور اورنج ٹری فاؤنڈیشن (OTF) کے مابین گزشتہ روز ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد محمودعراقی اوراورنج ٹری فائونڈیشن کے سی ای او عمر متین اللہ والا نے دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد بی ایس ماس کمیونیکیشن اور بی ایس ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ پروگرامز کے مستحق اور باصلاحیت طلباء کو میرٹ اور مالی ضرورت کی بنیاد پر وظائف (اسکالرشپس) فراہم کرنا ہے۔ یہ وظائف صبح و شام دونوں شفٹوں کے طلباء کے لیے دستیاب ہوں گے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت صرف ٹیوشن فیس ہی نہیں بلکہ طلباء کی دیگر تعلیمی ضروریات اور شعبے میں استعمال ہونے والے آلات کی فراہمی کے لیے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹرثمینہ سعید، انچارج اسٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان، میڈیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹر اکمل وحید، رکن سنڈیکیٹ ڈاکٹر محمد حسان اوج، شعبہ ابلاغ عامہ کے فیکلٹی ممبران، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) ڈاکٹر سیدہ حور العین، اور ORIC کا عملہ موجود تھا۔

اورنج ٹری فاؤنڈیشن کے شریک بانی اور سی ای اوعمر متین اللہ والا بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر عمر متین نے کہا کہ ان کی تنظیم مستقبل کے میڈیا پروفیشنلز کی تعلیم میں معاونت کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اشتراک کے تحت فاؤنڈیشن صبح اور شام دونوں شفٹوں میں جاری پروگرامز کے متعدد طلباء کو وظائف فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اورنج ٹری فائونڈیشن جامعہ کراچی کے طلباء کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز اور ڈیجیٹل کہانی کاروں کی اگلی نسل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داریاں ترقی اور بااختیاری کے نئے راستے کھولتی ہیں۔ ایسی شراکتیں طلباء کے لیے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں اور جامعہ کے ترقی پسند کردار کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کا نہ صرف شعبہ ابلاغ عامہ بلکہ تمام شعبہ جات اور تحقیقاتی ادارے پبلک وپرائیویٹ اداروں کے ساتھ اشتراک کے لئے تیار ہیں تاکہ تحقیق اور جدت کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔