ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی مفادات کوپیچھے نہیں کرسکتا‘ سردار سلیم حیدر خان

صدر زرداری ،چیئرمین بلاول بھٹوکی قیادت میں پارٹی متحد اور مستحکم ہے ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 7 اگست 2025 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی مفادات کوپیچھے نہیں کرسکتا۔میرے لئے پارٹی کے کارکن اورپارٹی سب سے مقدم ہے۔صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹوکی قیادت میں پارٹی متحد اور مستحکم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے ممبران صوبائی اسمبلی اور کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کو صوبہ بھر میں مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے ہر ضلع اور گلی میں جاکر کارکنوں کو متحرک کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجب نے کہا کہ چار دیواری کے اندر بیٹھنے کے لئے گورنر نہیں بنا،بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کی خاطر اپنی ساری توانائی صرف کردوں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اور جیالے اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے جیالوں، پارٹی کارکنوں اور غریب آدمی کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں اور پسے ہوئے طبقے کی آواز ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سڑکوں،گلی محلوں اوربازاروں میں جاکر غریبوں کی بات سنوں گا اور حکام بالا تک ان کی آواز پہنچائوں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس سے باہر نکل کر لوگوں سے ملنا اور ان کی مشکلات حل کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قدرتی آفات اور مشکلات میں پھسے افرادسے ملنا اور ان کی دادرسی کرنا پیپلز پارٹی کا شیوا ہے۔اس موقع پرپارٹی کارکنوں،جیالوں اور ممبران صوبائی اسمبلی نے گورنر پنجاب کے عوام کے لئے گورنر ہاوس کے دروازے کھولنے کے اقدام کو سراہا۔