ذ*چولستان کے صحرا میں پودوں کے بیجوں کا فضائی چھڑکاؤمسلسل 27ویں سال انجام

جمعرات 7 اگست 2025 23:35

X خیرپورٹامیوالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء)پاکستان آرمی اور ہوبارا فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے چولستان کے صحرا میں صحرائی پودوں کے بیجوں کے فضائی چھڑکاؤ کا عمل بدھ کو مسلسل 27ویں سال انجام دیا گیا۔اطلاعات رپورٹ کیمطابق اس اقدام کا مقصد صحرائی علاقوں میں نباتاتی حیات کو فروغ دینا اور جنگلی حیات، خصوصاً پرندوں اور جانوروں کی کم ہوتی ہوئی آبادی کو بحال کرنا ہے۔

یہ مہم سب سے پہلے 1998 میں شروع کی گئی تھی، جب چولستان جیسے خشک اور سخت ماحول میں تیزی سے ختم ہوتے ہوئے فطری سبزے کو بچانے کے لیے بیج فضا سے بکھیرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چولستان، تلور اور دیگر پرندوں کے لیے سردیوں میں اہم قدرتی مسکن ہے۔اس سال 200 کلوگرام مقامی گھاس اور صحرائی پودوں کے بیج بکھیرے گئے، جس سے 27 سال میں اب تک بکھیرے گئے بیجوں کی مجموعی مقدار 3 ہزار 327 کلوگرام سے زائد ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس مہم کے اثرات مثبت رہے ہیں اور علاقے میں بیج اگنے کی شرح میں بہتری دیکھی گئی ہے، جنگلات کے کٹاؤ اور مویشیوں کی حد سے زیادہ چرائی کے باعث جو ماحولیاتی عدم توازن پیدا ہوا تھا، اس کو بحال کرنے کے لیے یہ طویل المدتی منصوبہ جاری رکھا جائے گا۔ہوبارا فاؤنڈیشن کے مطابق پاکستان آرمی کے تعاون سے اس مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ چولستان کے نازک ماحولیاتی نظام کو مستحکم کیا جا سکے اور جنگلی حیات کو بہتر قدرتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔