/ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت کمالیہ میں بھی فیسکو کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری

جمعرات 7 اگست 2025 23:35

د*کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت کمالیہ میں بھی فیسکو کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔ متعدد علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔محکمہ فیسکو کے ترجمان کے مطابق اب تک کمالیہ میں 500 سے زائد بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جب کہ 7 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی چوری میں زیادہ تر گھریلو صارفین ملوث پائے گئے ہیں، جو مختلف طریقوں سے بجلی کا ناجائز استعمال کر رہے تھے۔بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے فیسکو کی جانب سے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ، جو جدید طریقوں اور معلومات کی بنیاد پر مشتبہ صارفین پر چھاپے مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایکسین واپڈا سید فضل عباس نے کہا ہے کہ بجلی چور قوم کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بجلی چوری جیسے قومی نقصان کے عمل میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ملک کو توانائی کے بحران سے نکالا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :