یوم آزادی پر ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور کے تعلیمی اداروں کو باسکٹ بال میں خصوصی بچوں سے مقابلہ کی دعوت

جمعہ 8 اگست 2025 12:19

یوم آزادی پر ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور کے تعلیمی اداروں کو باسکٹ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) یوم آزادی کے موقع پر کنگسٹن سکول فار انکلوژن ایبٹ آباد کے خصوصی بچوں نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور کے تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو باسکٹ بال کے میدان میں کھل کر چیلنج دیدیا ہے۔ یہ چیلنج عام نہیں بلکہ خاص ہے کیونکہ یہ ان بچوں کی طرف سے ہے جنہوں نے جسمانی و ذہنی چیلنجز کے باوجود نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

کنگسٹن سکول کے ان خصوصی کھلاڑیوں کے پاس مختلف کھیلوں میں 7 انٹرنیشنل میڈلز ہیں جو ان کی محنت، لگن اور قابلیت کا ثبوت ہیں۔ کنگسٹن سکول کے بانی و سربراہ محمد عرفان نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ معاشرہ خصوصی بچوں کو صرف رحم یا ہمدردی کی نظر سے نہ دیکھے بلکہ ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرے، یہ میچ ایک علامتی قدم ہے تاکہ سوسائٹی خصوصی اور عام بچوں کے درمیان فاصلہ کم کرے، یہ میچز نہ صرف کھیل کی روح کو اجاگر کریں گے بلکہ تمام تعلیمی اداروں کو یہ سوچنے پر مجبور کریں گے کہ انکلوژن (شمولیت) صرف نصاب یا تقریروں میں نہیں بلکہ عملی میدان میں ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

کنگسٹن سکول نے تمام تعلیمی اداروں کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنی باسکٹ بال ٹیمیں بنا کر اس انوکھے، باوقار اور باہمت مقابلہ میں شریک ہوں تاکہ یہ یوم آزادی صرف تقریروں اور جھنڈیوں تک محدود نہ رہے بلکہ حقیقی معنوں میں قومی یکجہتی، برابری اور حوصلہ کا مظہر بنے۔