کمشنر کی زیر تربیت 52 کامن کے اے ایس پیز سے ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 16:01

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان سے 52 کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت زیر تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) افسران نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے افسران میں علی بن رضوان، کیپٹن عدنان، ثاقب منیر، رانا فیصل اور مہک فاطمی شامل تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل مجاہد عباس بھی موجود تھے۔

ملاقات کا مقصد نوجوان پولیس افسران کو ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کے کام، حکومتی پالیسیوں کے نفاذ اور بین الاادارہ جاتی رابطوں کے عملی پہلوؤں سے آگاہی دینا تھا۔ کمشنر نے افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے گڈ گورننس، عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبہ بندی اور امن و امان کے قیام میں انتظامیہ اور پولیس کے باہمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ سول اور پولیس افسران اگر اعتماد اور کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں تو نہ صرف عوام کو ریلیف ملتا ہے بلکہ ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ایمانداری، دیانت، قانون کی پاسداری اور عوامی فلاح کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ شفافیت کو ترجیح دیں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔ افسران نے بھی کمشنر سے سوالات کیے اور ان کے تجربات سے رہنمائی حاصل کی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے نوجوان افسران کو یادگاری شیلڈ دے کر دفترسےرخصت کیا۔

متعلقہ عنوان :