جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جوش و خروش سے منارہے ہیں، سعید غنی

12اگست کو مزارِ قائد پر رات میں لیزر لائٹ کا شو منعقد کیا جائے گا، اس وقت بھی فریئر ہال میں 3 روزہ فیملی فیسٹیول جاری ہے، پورے صوبے میں مختلف پروگرامز ہو رہے ہیں، امید ہے 14 اگست تک یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا،وزیربلدیات سندھ اور وقارمہدی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 اگست 2025 14:54

جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جوش و خروش سے منارہے ہیں، سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جوش و خروش سے منارہے ہیں۔ایکسپو سینٹر کراچی میں سعید غنی اور وقار مہدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے گزارش ہے کہ اس میں فیملیز کے ہمراہ بھرپور شرکت کریں جبکہ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں بہت بڑا پروگرام ہوگا۔

وہاں خواتین، جسمانی معذوری کے شکار افراد کے لیے الگ انتظامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل حیدرآباد رانی باغ میں بہت زبردست پروگرام ہوا ہے، شاید پاکستان کی تاریخ کے بڑے کنسرٹس میں اس کا شمار ہوگا۔سعید غنی نے کہا کہ 12اگست کو مزارِ قائد پر رات میں لیزر لائٹ کا شو منعقد کیا جائے گا، اس وقت بھی فریئر ہال میں 3 روزہ فیملی فیسٹیول جاری ہے، پورے صوبے میں مختلف پروگرامز ہو رہے ہیں، امید ہے 14 اگست تک یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ تمام لوگوں کے تعاون کے ساتھ بڑے پروگرام ہو رہے ہیں، آرٹس کونسل کراچی کا پروگرام میں تعاون حاصل ہے، حیدرآباد کے پروگرام میں لاکھوں لوگ تھے۔ جہاں لاکھوں لوگ ہوں، داخلہ مفت ہو، وہاں کچھ ایشو ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر بڑے پروگرام میں آتشبازی کریں، کل سکھر میں پروگرام ہو رہا ہے وہاں بھی آتشبازی ہوگی، کل بھی حیدرآباد کے پروگرام میں آتشبازی کی گئی، ہمارے پروگرام کو ہمارے دوستوں نے اسپانسر کیا ہے، وہ نہیں چاہتے کہ ان کے نام سامنے آئیں۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ اس مشاعرے میں بھی شاید تھوڑے پیسے خرچ ہوں، گورنر سندھ بھی بڑے بڑے ایونٹ کر رہے ہیں یہ خوشی کی بات ہے۔بعدازاں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ان تقریبات میں شرکت کریں، کراچی ماضی میں مشاعروں کا شہر رہا ہے، میرا خیال ہے کہ آج کا مشاعرہ تاریخ رقم کرے گا۔