قوم نے متحدہ ہوکر بھارت کو ایسی شکست دی کہ وہ آج تک نہیں بھولا،گورنرسندھ

قومی اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے ، قصبہ علی گڑھ ، اورنگی ٹائون نمبر 8میں جشن آزادی کی منعقدہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 9 اگست 2025 17:16

قوم نے متحدہ ہوکر بھارت کو ایسی شکست دی کہ وہ آج تک نہیں بھولا،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ قومی اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ جب قوم متحد ہوئی، تو بھارت کو ایسی شکست دی کہ وہ آج تک نہیں بھولا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے قصبہ علی گڑھ ، اورنگی ٹائون نمبر8میں معرکہ حق جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنرسندھ جب قصبہ علی گڑھ، اورنگی ٹائون نمبر 8 پہنچے تو علاقہ مکینوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ لوگوں نے گورنر سندھ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پر فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ گورنر سندھ نے معرکہ حق جشنِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی اورپودا لگایا۔ جشنِ آزادی کی تقریب میں گورنر سندھ نے کیک کاٹااور لوگوں میں اپنے ہاتھ سے تقسیم بھی کیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ بڑوں کی عزت کرنا ہماری معاشرتی اقدار کا اہم حصہ ہے۔ بزرگوں کا احترام کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو بنانے کے لئے قربانیاں دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کی اولادیں ہیں اور ان کے خوابوں کو حقیقت بنانا ہمارا فرض ہے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی، علاقہ روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنماء انیس قائم خانی، امین الحق، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی، حفیظ الدین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔