بلوچستان کے مسائل کا واحد حل عوامی قیادت اور قبائلی عمائدین سے سنجیدہ مذاکرات میںہی ہی: حافظ منیر حسین احمد

جمعہ 8 اگست 2025 17:59

کوئٹہ/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ منیر حسین احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کا پائیدار حل صرف اسی وقت نکل سکتا ہے جب صوبے کے حقیقی سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کو اعتماد میں لے کر سنجیدہ مذاکرات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بولان سمیت مختلف علاقوں میں راستوں اور موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش مسائل کے حل کی بجائے عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ وفاقی حکومت اور مقتدر قوتیں اگر واقعی بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں مخلص ہیں تو انہیں فوری طور پر عملی سنجیدگی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ بلوچستان میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں تو نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ امن و امان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے ماضی کے انتخابی عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بدترین انتخابات اور ان کے نتیجے میں بننے والی حکومت سے مسائل کے حل کی امید رکھنا نادانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ریاستی ادارے، سیاسی قوتیں اور قبائلی رہنما مل بیٹھ کر بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک سنجیدہ روڈ میپ تیار کریں۔