یومِ آزادی فخر، شکر گزاری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے،وزیراعلی سندھ

جمعہ 8 اگست 2025 20:25

یومِ آزادی فخر، شکر گزاری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے،وزیراعلی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کو "معرکہ حق" کے عنوان سے مناتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یومِ آزادی فخر، شکر گزاری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔جمعہ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے ساتھ یومِ آزادی منانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے،یہ پروگرام محکمہ ثقافت کی جانب سے محکمہ بااختیاری برائے معذور افراد(ڈی ای پی ڈی)کے تعائون سے قائداعظم ہائوس میوزیم میں منعقد ہوا، جہاںوزیراعلی سندھ کے پہنچنے پر خصوصی بچوں نے ان کا پھولوں سے استقبال کیا جبکہ صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ اور دیگر اعلی حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میںاسکینوسا، سی آرٹس، دارالسکون اور امیدِ نو سمیت مختلف اداروں کے سو سے زائد بچوں نے شرکت کی جنہوں نے اس موقع کو خوشیوں اور رنگوں سے بھر دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ خصوصی بچے اس تقریب کی جان ہیں،یہ بچے خوشی، صلاحیت اور جوش و جذبے کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر انصاف، شمولیت اور ایک زیادہ جامع پاکستان کی تعمیر کے عزم کو تازہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوںنے کہا کہ ہر شہری کو عزت، مساوات اور مواقع ملنے چاہئیں، خواہ اس کی جسمانی یا ذہنی صلاحیت کچھ بھی ہو۔ انہوں نے تمام افراد کو برابر کے حقوق دینے کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے ان کی بہادری، قربانیوں اور سرحدوں کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔انہوںنے کہا کہ اتحاد، قوت اور انصاف اجتماعی عزم سے پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی ترقی اور بحالی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ خصوصی تعلیم اور بحالی کے مراکز کو تمام اضلاع میں وسعت دی جائے گی، معذور افراد کو بااختیار اور خود مختار بنانا ایک بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی منفرد صلاحیتوں کو پہچاننا اور سنوارنا ضروری ہے،اس مقصد کے لیے حکومت خصوصی بچوں کے لیے فنی اور تخلیقی تربیتی پروگراموں میں توسیع کر رہی ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور روزگار حاصل کر سکیں۔

وزیراعلی کے مطابق آرٹ، موسیقی، کھیل اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی بچوں کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ ابتدائی تشخیص سے لے کر سماجی شمولیت تک سہولیات کا نظام مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، نجی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ تعائون سے خدمات کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے آٹزم مراکز اور خصوصی تعلیمی اداروں کی لگن، صبر اور جذبے کو سراہا جن کی بدولت زندگیاں بدل رہی ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی،محنتی اساتذہ کی خدمات اور خصوصی بچوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے وزیراعلی نے والدین میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ اپنے بچوں کو دستیاب سہولیات سے فائدہ دلوا سکیں۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کو شمولیت اور اتحاد کا دن بنایا جائے گا اور سندھ حکومت کی پالیسیوں کے تحت کوئی بچہ پیچھے نہیں رہنے پائے گا۔

ان کے مطابق قومی پرچم آزادی اور شمولیت دونوں کی علامت ہے اور قومی ترانہ اتحاد و ہمدردی کا پیغام ہونا چاہیے۔سید مراد علی شاہ نے 78 ویں یومِ آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رنگا رنگ تقریب میں خصوصی بچوں نے وزیراعلی کے ساتھ مل کر قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو زبانوں میں ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے جبکہ بچوں نے اپنی تخلیق کردہ موسیقی بھی پیش کی۔

وزیراعلی سندھ اسٹیج پر بچوں کے ساتھ شامل ہوئے، قومی نغمہ گایا، گروپ فوٹو بنوائے اور یومِ آزادی کا کیک کاٹ کر جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ، سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طحہ فاروقی، سیکریٹری ثقافت خیر محمد، فلم اسٹار جاوید شیخ، ایوب کھوسو اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔