پاکستان عالمی برادری خصوصاً امریکا کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 8 اگست 2025 18:41

پاکستان عالمی برادری خصوصاً امریکا کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعاون ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک ، امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ تجارتی معاہدوں کو خطے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان عالمی برادری خصوصاً امریکا کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں جنوبی و وسطی ایشیا کے امور کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، تجارتی و سفارتی تعاون سمیت کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس اہم ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتون اول، بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان اور امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کے دوران پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ تجارتی معاہدوں کو خطے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری خصوصاً امریکا کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاک بھارت جنگ بندی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اٴْن کی امن کے لیے کی گئی کوششیں ناقابلِ فراموش ہیں اور بین الاقوامی سطح پر انہیں تسلیم کیا جانا چاہیے ۔

وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔ ) امریکی سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔