گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف سکالر محمد اسرار مدنی کی ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 18:30

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف سکالر  محمد اسرار مدنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبرپختونخوا کے معروف سکالر صدر انٹرنیشنل ریسرچ کونسل و سربراہ مذہبی سفارتکاری پروگرام محمد اسرار مدنی نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی و عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی، جمہوریت، مذہبی آزادی اور دستوری بحران جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کی تحقیقی سیریز اور فکری کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی و تحقیقی منصوبے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مذہبی سفارتکاری پروگرام کے تحت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مکالمے کے فروغ میں مذہبی و سیاسی قیادت کی شمولیت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

اس موقع پر محمد اسرار مدنی نے گورنر کو اپنی تحقیقی مطبوعات کا سیٹ بھی پیش کیا جس پر گورنر نے ان کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں ایسے تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کی پروگرام مینجر بشریٰ علی، پراجیکٹ اسسٹنٹ مدیحہ ملک اور مذہبی رہنما سید اسامہ اجمل قاسمی بھی شریک تھے۔