وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس، گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لئے جاری منصوبے تیز کرنے کا حکم

جمعہ 8 اگست 2025 18:38

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس، گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گوادر اور اس کے گرد و نواح میں پانی کی شدید قلت کے مسئلے کے فوری اور پائیدار حل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون، چیف ایگزیکٹو آفیسر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی سید یوسف شاہ سیکرٹری پی ایچ ای محمد ہاشم غلزئی نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی جی گوادر پورٹ اتھارٹی نور بلوچ، ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن، کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی ، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ ہائوس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو گوادر میں پانی کی فراہمی، موجودہ چیلنجز اور جاری منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی گوادر پورٹ اتھارٹی نے آگاہ کیا کہ ڈی سیلی نیشن واٹر پلانٹ بجلی کی بندش کے باعث محدود سطح پر کام کر رہا ہے تاہم آج سے اس کی استعداد بڑھا کر تین لاکھ گیلن یومیہ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ تین روز میں یہ استعداد مزید بڑھا کر چھ لاکھ گیلن یومیہ تک لے جائی جائے گی۔

اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام ڈی سیلی نیشن واٹر پلانٹ کو مکمل استعداد کار سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بجلی کی بندش کے دوران پلانٹ کو متبادل توانائی ذرائع پر منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شادی کور ڈیم سے آبی ترسیل کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور پائپ لائن سے منسلک آبی ترسیلی منصوبوں کو آئندہ 15 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پانی عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ناقابل برداشت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی سربراہی میں ایک رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو پیش کرے گی ۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

یہ مسئلہ صرف انتظامی نہیں بلکہ انسانی بنیادی ضرورت سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ ہم پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ گوادر میں جاری منصوبہ جات کی جلد تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ایران سے بجلی کی طویل بندش کے مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان اور پاور ڈویژن سے جلد بات کریں گے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر ممکن کوشش سے گوادر کے عوام کو ریلیف فراہم کریں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ گوادر میں پانی کی صورتحال سے متعلق پیش رفت کی نگرانی وہ خود کریں گے۔