لاہورہائیکورٹ ،پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم،سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت

جمعہ 8 اگست 2025 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) لاہورہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی14 اگست کو شاہدرہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی،لاہورہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پی ٹی آئی کے اکمل خان کی درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی،پی ٹی آئی کے اکمل خان نے 14 اگست کو رزاق اسٹیڈیم شاہدرہ میں کنونشن کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی،پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا،درخواست گزار کی جانب سے خرم لطیف کھوسہ پیش ہوئے،رجسٹرار آفس نے درخواست گزارکو داد رسی کمیشن سے رجوع نہ کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا،رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کی پہلے سے درخواستوں کا موجودہ پٹیشن میں ذکر نہ کرنے کا بھی اعتراض لگایا تھا،اس کے علاوہ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست گزار کی جانب سے پٹیشن کے ساتھ سابقہ آرڈر کی کاپی نہ لگانے کا بھی اعتراض عائد کیا تھا، عدالت نے تحریک انصاف کی14 اگست کو شاہدرہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔