آذربائیجان میں پہلی عالمی پیسٹری چیمپئن شپ میںپاکستانی شیفز کا اعزاز

باکو میں بیکری آرٹس چیمپئن شپ مقابلے میں پاکستانی ٹیم نے دوسرا انعام اور برانز میڈل اپنے نام کر لیا

جمعہ 8 اگست 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پہلی بار بین الاقوامی پیسٹری اور بیکری آرٹس چیمپئن شپ 2025 کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا انعام اور برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوتھم جوہر ٹاؤن، میاں شاہد محمود نے پاکستان کی نمائندگی بطور آفیشل مشیر کے کی۔

اس عالمی مقابلے میں آذربائیجان، ترکیہ، پاکستان، ازبکستان، قطر، سری لنکا، ایران، متحدہ عرب امارات اور ویتنام سے تعلق رکھنے والے ماہرین و کلینری اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ چیمپئن شپ کا اہتمام آذربائیجان شیفس گلڈ اور باکو کلینری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد علاقائی ذائقوں کو فروغ دینا اور باصلاحیت نوجوان شیفز کو عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد نے تکنیکی مہارت، پیشہ ورانہ نظم و ضبط اور جدت پسندی سے بین الاقوامی ججز کو متاثر کیا۔ میاں شاہد محمود نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں اور اس طرح کے مقابلے ثقافتی و فنی تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستانی کلینری انڈسٹری کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور پاک-آذربائیجان تعلقات کو نئے باب میں داخل کرے گا۔