بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا

سابق کپتان اب تک 132 میچز میں 55.10 کی اوسط اور 19 سنچریوں اور 32 نصف سنچریوں کی مدد سے 6282 رنز بنا چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 اگست 2025 17:47

بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا
ٹرینیڈاڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اگست 2025ء ) پاکستان نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، اس میچ میں سابق کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے 280 رنز بناتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ 
ایون لوئس 60 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جب کہ کپتان شے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے رتھرفورڈ 10، گڈاکیش موتی 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شیمار جوزف 8 اور شیفرڈ 4 رنز بناسکے اور یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 اور صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے 281 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 
ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے شاندار پرفارمینس دکھاتے ہوئے 63 رنز بنائے، جب کہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے اس میچ میں 47 رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ 129 ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ 
بابر اعظم اب تک 132 میچز میں 55.10 کی اوسط اور 19 سنچریوں اور 32 نصف سنچریوں کی مدد سے 6282 رنز بنا چکے ہیں ، ان سے قبل ون ڈے کرکٹ میں 129 اننگز میں زیادہ رنز کا ریکارڈ سابق جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 6224 رنز بنائے تھے۔ 
پاکستان اب تین میچز کی سیریز میں ایک صفر سے آگے ہے، دوسرا ون ڈے جیت کر گرین شرٹس کو سیریز اپنے نام کرنے کا موقع ملے گا۔