چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس، جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز 2 کے بارے بریفنگ

منصوبہ عوام کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، غیر ملکی انجینئرز کیساتھ مل کر رکاوٹوں ،تعطل کا خاتمہ کیا جائے،وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 8 اگست 2025 22:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کو جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز 2 کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری پاور ڈویلپمنٹ و برقیات ارشاد احمد قریشی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو تعمیراتی کام میں تاخیر کی وجوہات اور معاملہ پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق، چیف سیکرٹری خوشحال خان، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری برقیات ارشاد احمد قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو سیکرٹری پاور ڈویلپمنٹ و برقیات ارشاد احمد قریشی نے منصوبے کے لیے ڈیزائن پینلز کی انسٹالیشن میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے پر ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے لیے ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، منصوبے پر مؤثر حکمت عملی کے ساتھ اقدامات اٹھائے جائیں، منصوبے پر کام کرنے والے غیر ملکی انجینئرز کے ساتھ مل کر رکاوٹوں اور تعطل کا خاتمہ کیا جائے، حکومت منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہاں ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔