میٹرک بورڈ کے تحت معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز 11اگست تا 14 اگست تک ہوگا

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے تحت 78 واں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز 11 اگست تا 14اگست تک بورڈ میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں معرکہ حق یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کی تقریبات کے پہلے روز 11 اگست 2025 کو نویں و دسویں جماعت کے طلبا کے درمیان عید گاہ کرکٹ گرانڈ ناظم آباد نمبر 3میں کرکٹ میچ، 12 اگست کو طلبا وطالبات کے درمیان سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد نمبر 2 بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس اور 13 اگست کو کے ایچ اے ہاکی گرانڈ نیپا چورنگی میں ہاکی کے مقابلہ جات ہوں گے۔

مرکزی تقریب 14 اگست کی صبح پرچم کشائی سے کی جائے گی اس کے بعد اسکولوں کے طلبا و طالبات ملی نغمات، تقاریر اور ثقافتی ٹیبلو پیش کریں گے جبکہ طلبا و طالبات کے درمیان کوئز مقابلہ جات بھی ہوں گے۔ چیئرمین میٹر ک بورڈ نے بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے اسکولوں میں بھی معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے پروگرام ترتیب دیں کیونکہ ان پروگراموں سے طلبا و طالبات میں جذبہ حب الوطنی بیدار ہوگا۔