خیبرپختونخوا میں جشنِ آزادی کا ہفتہ، کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کا شاندار آغاز

جمعہ 8 اگست 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کا ہفتہ بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور تقریبات جاری ہیں جبکہ 13 اگست کی شب روایتی علاقائی رقص، مارشل آرٹس، میجک شو، نیلام گھر، موسیقی اور رات 12 بجے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

ریجنل اسپورٹس آفس پشاور کے مطابق تقریبات کا آغاز نمائشی کرکٹ میچ سے ہو چکا ہے۔ جمعہ کو کبڈی کے مقابلے ہوئے جبکہ 9 اگست کو قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں انٹر کلب باکسنگ چیمپئن شپ اور 10 اگست کو انٹر کلب ووشو چیمپئن شپ منعقد ہوگی۔ 11 اگست کو بیڈمنٹن، ٹیگ بال اور باسکٹ بال کے میل و فیمل ایونٹس قیوم اسٹیڈیم پشاور میں ہوں گے جبکہ 12 اگست کو لیکروس اور جوڈو کے مقابلے شیڈول ہیں۔

(جاری ہے)

14 اگست کو دن میں ٹیبل ٹینس اور ہاکی کے مقابلے ہوں گے جبکہ رات کو میوزیکل کنسرٹ میں پشتو و اردو موسیقی، علاقائی رقص، میجک شو اور مارشل آرٹس کے ساتھ ساتھ آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوگا۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اور دیگر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔