سول سروسز اکیڈمی والٹن کیمپس میں ایچ ای سی افسران کے تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب

ہفتہ 9 اگست 2025 01:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) سول سروسز اکیڈمی والٹن کیمپس میں جمعہ کے روز ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) افسران کے تربیتی پروگرام کے پہلے بیچ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ ملک تھیں۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شرکاء کے تعلیمی و تربیتی سفر پر مبنی ایک دستاویزی فلم دکھائی اور کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

ایک ہفتے پر مشتمل یہ پروگرام سی ایس اے کے کیپیسٹی بلڈنگ وِنگ نے منعقد کیا،جس کا مقصد ایچ ای سی افسران کی صلاحیتوں اور علم میں اضافہ تھا۔ تربیت میں گورننس، قیادت، ابلاغ، تبدیلی کے انتظام اور اصلاحاتی حکمتِ عملی پر توجہ دی گئی، جبکہ شخصی نشوونما کے ماڈیولز میں آدابِ معاشرت، کتابوں کے جائزے، فلمی نمائشیں اور 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ شبیر اکبر زیدی نے اپنے خطاب میں سی ایس اے کے کردار میں وسعت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس اے مسابقتی امتحانات اور قیادت کے عہدوں تک رسائی میں حائل رکاوٹیں کم کرنے کیلئے پرعزم ہے، جو پاکستان کے ویژن برائے شمولیتی گورننس اور قومی یکجہتی سے ہم آہنگ ہے۔ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی نئی مہارتوں اور روابط کو پاکستان کے اعلی تعلیمی شعبے اور عوامی خدمات کی بہتری میں بروئے کار لانے کی ترغیب دی۔تقریب کا اختتام نیٹ ورکنگ سیشن پر ہوا، جس میں فیکلٹی، تربیت یافتہ افسران اور معزز مہمانوں کے درمیان آئندہ تعاون کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔