ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد اور مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام افکارِ اقبال کے موضوع پر فکری نشست

ہفتہ 9 اگست 2025 10:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد اورمسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد کے زیراہتمام افکارِ اقبال کے موضوع پر فکری نشست لائبریری ہال ڈی بی اے میں منعقد ہوئی۔ پروگرام میں وکلاکی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں بصیرت افروز تقاریر اور علمی مباحثے پیش کئے گئے۔ مسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد کے معروف مقرر آصف تنویر اعوان ایڈووکیٹ نے علامہ اقبال کے خیالات، تعلیمات اور عالمی مقام پر ایک فکر انگیز خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈی بی اے کے رکن میجر (ر) امتیاز احمد ایڈووکیٹ نے ” اسلام میں مذہبی افکار کی تشکیل نو“ کے موضوع پر ایک علمی لیکچر پیش کیا۔ دیگر نمایاں مقررین میں ذوالفقار شاہ، فراز احمد اور ساجد علی جدون ایڈووکیٹ شامل تھے جنہوں نے اقبال کی فکر و فلسفہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا اختتام صدر ڈی بی اے عمران یونس تنولی کی تقریر پر ہوا۔ سیکرٹری ڈی بی اے اسد خان جدون نے اجلاس کی بہترین نظامت کی۔ یہ تقریب وکلاکےلئے ایک قیمتی موقع ثابت ہوئی جس میں اقبال کے نظریات اور ان کی موجودہ دور میں افادیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔