پولیس کی کارروائیاں ، روپوش، منشیات فروش، ڈاکو اور پولیس مقابلے کے ملزمان سمیت 9 گرفتار،اسلحہ، منشیات اورنقدی برآمد

ہفتہ 9 اگست 2025 14:20

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء) جیکب آباد پولیس کی کارروائیاں ، روپوش، منشیات فروش، ڈاکو اور پولیس مقابلے کے ملزمان سمیت 9 گرفتار، اسلحہ، منشیات اور لاکھوں کی نقدی برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ایک روپوش ملزم، 5 منشیات فروش اور پولیس مقابلے میں ملوث 3 خطرناک ملزمان سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں کے دوران 3 کلو گرام چرس، 250 لیٹر دیسی شراب، 18 کلو 660 گرام مضر صحت گٹکا، اسلحہ اور ڈکیتی میں چھینی گئی 5 لاکھ روپے نقدی بیگ اور 3 کیش بکس برآمد کیے گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے ایس ایچ او انسپکٹر بشیر احمد مگسی کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ شراب فروش افضل رند کو گرفتار کرکے 230 لیٹر دیسی شراب برآمد کی جبکہ دوسری کارروائی میں منشیات فروش محمد شاہ ولد دینن شاہ سے 3 کلو چرس اور تیسری مشترکہ کارروائی میں ثناء اللہ ولد رحمت اللہ غوری سے 80 پیکٹ 18 کلو 460 گرام اسمگل شدہ انڈین گٹکا اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی کار برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

تھانہ باہو کھوسو پولیس نے جھگڑے کے مقدمے میں روپوش ملزم مشتاق گھنیو کو گرفتار کیا جبکہ تھانہ گڑھی خیرو پولیس نے پرویز شاہ ولد بھورل شاہ کو 20 لیٹر دیسی شراب سمیت حراست میں لے لیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین ملزمان جاوید احمد، سکندر علی اور عبداللہ لاشاری کو گرفتار کرکے بغیر لائسنس پستول برآمد کرلی۔ تھانہ میرپور برڑو پولیس نے 26 جولائی کو ڈکیتی میں 3 شہریوں کو زخمی کرنے اور نقدی چھیننے والے دو مرکزی ملزمان کاشف ولد شاہ بخش برڑو اور اخلاق ولد فائن برڑو کو ٹریس کرکے گرفتار کیا اور ان سے چھینی گئی 5 لاکھ روپے نقدی، بیگ اور 3 کیش بکس برآمد کیے۔

علاوہ ازیں تھانہ سول لائن پولیس نے نصیب اللہ کو 200 گرام مضر صحت انڈین گٹکا سمیت گرفتار کیا گرفتار کئے گئے تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ترجمان جیکب آباد پولیس نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔