پاکستانی سفیر کا دورہ گانسو، زرعی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور

ہفتہ 9 اگست 2025 14:56

لانژو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کا صوبہ گانسو کا دورہ کامیابی سے مکمل ہو گیا اسکا مقصد زراعت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تین روزہ دورے کے دوران، سفیر خلیل ہاشمی نے گانسو کے اعلی صوبائی حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں کمیونسٹ پارٹی آف چائناگانسو کے سیکریٹری ہو چانگ شینگ بھی شامل تھے۔

ملاقاتوں میں حکومتوں کے درمیان، کاروباری اداروں کے مابین، اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق سفیر نے کہا زراعت ہماری اولین ترجیح ہے، خصوصا آبپاشی کی جدید تکنیکوں، بارانی کاشتکاری، اور لائیو اسٹاک کی ترقی کے شعبے میں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے لانژو نیو ایریا اور جنچھوان سائنس پارک کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے صنعتی جدت اور پائیدار ٹیکنالوجی میں جدید پیش رفت کا مشاہدہ کیا، اور ان مہارتوں کو سی پیک کے تحت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تعلیم کے شعبے میں سفیر ہاشمی نے گانسو ووکیشنل ایجوکیشن پارک کے معیار اور وسعت کو سراہا، اور لانژو یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں اس وقت 200 سے زائد پاکستانی طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔ انہوں نے جامعہ کی جانب سے تحقیقاتی تعاون کو وسعت دینے کے منصوبوں کا خیرمقدم کیا، خصوصا ایسے شعبوں میں جو پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق ثقافت کے حوالے سے، سفیر نے لانژو کے مشہور ہاتھ سے بنائی گئی بیف نوڈلز کو چین کی متحرک حلال فوڈ مارکیٹ کی علامت قرار دیتے ہوئے ان کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے کہا یہ دورہ پاکستان اور گانسو کے درمیان کئی شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے اور پائیدار شراکت داریوں کی بنیاد رکھنے کا ایک قیمتی موقع ثابت ہوا۔