صحت کے شعبے میں بہتری وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے، کمشنر ملتان عامر کریم خان

ہفتہ 9 اگست 2025 16:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کےلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ہفتے کو نشتر ہسپتال کے 32 ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے بھی مریض آتے ہیں اس لیے ڈاکٹرز کو مسیحا کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مریضوں کو ریلیف دینا سب سے بڑی خدمت سمجھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات، موجود ادویات کے باوجود باہر سے دوائیاں منگوانا اور نشتر لیب سے ٹیسٹ نہ کروانے جیسے مسائل فوری توجہ طلب ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو اپنے شعبے کی مکمل اونر شپ لیتے ہوئے اجتماعی سوچ اور عملی اقدامات کے ذریعے مسائل کے دیرپا حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے سرکاری وسائل کے درست اور شفاف استعمال پر بھی زور دیا ۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ اختلافات اور سیاست کو ختم کر کے مریضوں کی بھلائی اور ہسپتال کی نیک نامی کےلئے کام کیا جائے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے او پی ڈی میں رش کم کرنے کےلئے اضافی کاؤنٹرز اور ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم لانے کا اعلان کیا جبکہ پرنسپل ڈاکٹر راؤ راشد قمر نے ہسپتال کے آپٹکس میں بہتری لانے پر زور اورایم ایس ڈاکٹر راؤ امجد نے ادویات کی قلت پر جلد قابو پانے اور سپلائی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔