آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام پاک فوج اور انجمن تاجران کے تعاون سےگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کیل میں میلہ کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 16:03

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام پاک فوج اور انجمن تاجران کے تعاون سےگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کیل میں میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر (ر) فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان نےادبی و ثقافتی میلہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مقامی فنکاروں نے ثقافتی، علاقائی زبانوں میں گیت، گانے، چاربیتوں اور رقص کر کے ثقافتی میلہ کو چار چاند لگائے۔

مقامی وریاستی گلوکاروں نے اپنے فن سے حاضرین سے خوب داد لی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر بالعموم اور نیلم ویلی بالخصوص مہماتی سیاحت کیلئے موزوں ترین خطہ ہے، حکومت نیلم میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے لگائے گئے سٹالز کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیلم کی ثقافت سے یہاں کے عوام کی زندہ دلی اور حب الوطنی کا اندازہ ہوتا ہے، نیلم کے دورے کا مقصد یہاں کے زمینی مسائل کا ادراک کر کے ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہے، نیلم کے مسائل کے لئے حکومتی سطح پر غور کر رہے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود اور محرومیوں کے ازالے کیلئے ریاست کے وسائل خرچ کریں گے، تعلیمی اداروں اور ان کے سٹاف کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

تقریب سے ڈائریکٹر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر راجہ سجاد خان،صدر انجمن تاجران کیل چودھری خان ولی نے بھی خطاب کیا۔طلبہ وطالبات نے ثقافتی گیت گائے،ٹیبلو بھی پیش کیے ،چیف سیکرٹری ثقافتی میلے میں بہترین پرفارمنس کی حوصلہ افزائی اور خوشی کا اظہار کرتے رہے، میلہ میں شاندار کارکردگی/تعاون کرنیوالوں کو کلچرل اکیڈمی نے حسن کارکردگی شیلڈ پیش کیں۔

اس موقع پر میلے میں ثقافتی سٹالزصدائے نیلم، ربط ملت ڈویلپمنٹ فاونڈیشن ثقافتی برتن، کشمیری ہینڈی کرافٹ سمال انڈسٹری، محکمہ سیاحت تصویری سٹال، شاہی میوہ جات سمیت دیگر سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ چیف سیکرٹری نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور بہترین نمائش پر مقامی افراد کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ میلے میں آمد پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو کشمیری، گوجری، ڈوگری، شینا، اردو، انگریزی، کنڈلشاہی کی مقامی زبانوں میں خوش آمدید کہا گیا۔ ًڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ،ایس پی خواجہ صدیق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر راجہ بلال، نائب تحصیلدار عارف ڈار ،ڈی ایس پی سردار فیاض سیکورٹی اور انتظامی امور کی سخت نگرانی کی۔\378