نیب کی جانب سے 6 ماہ میں میں 547ارب روپے کی ریکوری ممکن بنائی گئی،کارکردگی رپورٹ جاری

چیئرمین نیب کے زیر نگرانی نیب کی اربوں روپے کی ریکوریاں،ہزاروں متاثرین کو رقوم کی واپسی کا سلسلہ جاری رہا

ہفتہ 9 اگست 2025 16:48

نیب کی جانب سے 6 ماہ میں میں 547ارب روپے کی ریکوری ممکن بنائی گئی،کارکردگی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)قومی احتساب بیورو (نیب)نے رواں سال 2025ء کے پہلے چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے جس کے مطابق عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کے لیے اپنی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کی کوشش جاری رکھی جائے گی تاہم رواں سال کے پہلے 6ماہ کے عرصے میں ادارے نے ریکارڈ ریکوریاں کی ہیں اور ہزاروں متاثرین کو ان کی رقوم واپس دلوائی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے سال 2025کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون)میں 456ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی ہے جبکہ جنوری 2025سے جون تک چھ ماہ کے عرصہ میں مجموعی طور پر 547 ارب روپے کی ریکوری ممکن بنائی گئی۔ نیب نے اس دوران 532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی وزارتوں، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے بھی کیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائی گئیں۔

اس دوران نیب کے علاقائی دفاتر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جن کی تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے ہائوسنگ کیس میں 3ارب 90کروڑ مالیت کی 8جائیدادیں ملزمان سے بازیاب کرائیں، جنہیں فروخت کروا کر 2,500متاثرین کو رقوم کی صورت میں تقسیم کیا جائے گا۔ نیب لاہور نے ایک اور ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں برآمد 3ارب 20 کروڑ مالیت پر مشتمل پانچویں قسط کی رقم 11,880متاثرین میں تقسیم کی۔

نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر 11-Eمیں واقع 29ارب مالیت کی 51 کنال قیمتی سرکاری اراضی برآمد کروا کر متعلقہ رگولیٹر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے کی۔ اس کے علاوہ نیب راولپنڈی نے B4Uنامی دھوکہ دہی کے بڑے مقدمے میں 3ارب روپے کی رقم بازیاب کی جسے 17,214متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین اور سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال و 15 مرلہ اراضی جس کی مالیت 895 ملین روپے ہے، بازیاب کرائی۔نیب نے بدعنوانی کے خاتمے اور قومی دولت کی بازیابی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ عوام کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو۔