قازقستان کا پاکستانی شاہرائوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

پاکستان تجارتی راہداریوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے، عبدالعلیم خان

ہفتہ 9 اگست 2025 22:41

قازقستان کا پاکستانی شاہرائوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)قازقستان نے پاکستان کی شاہرائوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کردیا ۔جاری بیان کے مطابق ہفے کو قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان سے براستہ چین وسط ایشیائی ریاستوں تک سڑکوں سے رسائی پر بات چیت کی گئی جبکہ وفاقی وزیر نے قازقستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران قازق سفیر نے نومبر میں قازقستان کے صدر کے دو روزہ دورہ پاکستان سے بھی آگاہ کیا۔قازق صدر کے دورے سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جا چکے ہیں۔کراچی، چمن اور قندھار کے تجارتی راستے کو اپ گریڈ کرنے سمیت متبادل روٹ کی تعمیر میں 100 فیصد سرمایہ کاری کی پیش کش بھی کی اور کاشغر، ترکمانستان اور قازقستان کو ملانے والی موجودہ تجارتی راہداری کو مزید مثر بنانے پر بھی بات ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں این ایل سی اور قازقستان کے درمیان ممکنہ تجارتی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان تجارتی راہداریوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور قازقستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔