پشاور، جشن آزادی، ہفتہ معرکہ حق کے تحت خصوصی شجرکاری مہم جاری

ہفتہ 9 اگست 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پر ہفتہ معرکہ حق کے تحت صوبہ بھر میں شجرکاری تقریبات بھرپور انداز سے جاری ہیں، جن میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران، اساتذہ، طلبہ اور مقامی لوگ بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔اس سلسلے میں ہفتہ کے روز محکمہ جنگلات نے سوات، کرم، ملاکنڈ اور مہمند فارسٹ ڈویژن سمیت دیگر مختلف اضلاع میں مقامی کالجوں اور اسکولوں میں شجرکاری تقریبات کا انعقاد کیا، جن میں کالج پرنسپلز، اساتذہ، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کرم فارسٹ ڈویژن کے تحت پاڑہ چنار میں منعقدہ شجرکاری تقریب میں سیب، انار اور دیگر پھلدار پودے لگائے گئے، جبکہ تقریباً 500 پودے مقامی لوگوں میں مفت تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دیگر اضلاع کی شجرکاری تقریبات میں بھی طلبہ اور مقامی لوگوں کو مزید شجرکاری کے لیے مفت پودے دئیے گئے،اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران نے طلبا اور نوجوانوں کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ درخت ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز پاکستان کی بنیاد ہیں۔

یاد رہے کہ ہفتہ معرکہ حق کے تحت محکمہ جنگلات صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی عوامی شراکت سے ہزاروں پودے لگا رہا ہے اور مقامی لوگوں میں مفت پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ جشنِ آزادی اور ہفتہ معرکہ حق کے موقع پر منعقدہ خصوصی شجرکاری مہم نہ صرف ماحول دوست معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ نوجوان نسل میں درخت لگانے اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔