کوہلو میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) پاک سٹینڈرڈ ریزیڈنشل ہائی سکول کوہلو میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کے موقع پر سکول کے پرچم بردار دستے نے پرعقیدت انداز میں پرچم کشائی کی اور جونہی سبز ہلالی پرچم فضاؤں میں لہرایا پورا سکول پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ،قومی ترانے کی گونج کے ساتھ ہی ہر آنکھ چمک اٹھی اور ہر دل میں آزادی کا عزم تازہ ہو گیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں بچوں نے ولولہ انگیز تقاریر پیش کیں جن میں برصغیر کی قربانیوں ،تحریکِ آزادی کے سنہری واقعات اور شہداء کی لازوال داستانوں کو بیان کیا گیا ،ملی نغموں کی مدھر آوازیں معصوم بچوں کے جوشیلے ترانے اور وطن کے رنگوں سے مزین ٹیبلو نے حاضرین کو ماضی کی قربانیوں اور حال کے عزم کی یاد دلائی ،ٹیبلو میں تحریک پاکستان کے تاریخی مناظر اور پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک پیش کی گئی جسے دیکھ کر حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئیں۔اساتذہ نے اپنے خطابات میں کہا کہ 14 اگست محض خوشی کا دن نہیں بلکہ یہ قربانی، اتحاد اور خدمت وطن کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔