سوات،معذور شخص کا الزامات کے خلاف تحفظ کا مطالبہ، خودسوزی کی دھمکی

اتوار 10 اگست 2025 16:00

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)فضاگٹ کے رہائشی معذور شخص علی خان نے بیوی بچوں کے ہمراہ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آٹھ سال قبل کوئلہ کان حادثے میں معذور ہونے کے بعد محنت مزدوری نہ کر سکنے کے باعث کرایہ کے مکان میں گزر بسر کر رہا ہوں، مگر فیس بک پر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ میں کروڑ پتی اور بنگلوں کا مالک ہوں۔

علی خان کے مطابق گزشتہ رات سول کپڑوں میں چند افراد گھر آ کر شناختی کارڈ لے گئے اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر الزامات بند نہ ہوئے اور شناختی کارڈ واپس نہ کیا گیا تو وہ بیوی بچوں سمیت خودسوزی پر مجبور ہو جائیں گے۔ اہلیہ نے بھی مطالبہ کیا کہ انہیں باعزت زندگی گزارنے کا حق دیا جائے اور حقائق سامنے لائے جائیں۔