امن ایجوکیشن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سپیشل بچوں کے ساتھ یوم آزادی کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد

اتوار 10 اگست 2025 17:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) امن ایجوکیشن ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیر اہتمام سپیشل بچوں کے ساتھ یوم آزادی کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابقہ ایم پی اے چوہدری فقیر حسین ڈوگر تھے۔تقریب میں سی ای او سابیہ خان، نائب صدر آفتاب احمد،سینئر فوٹو جرنلسٹ سعید سومی،شفقت،محمد شفیع،محمد علی،طلحہ،قدیر،نیاز خان،سپیشل بچوں ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فقیر حسین ڈوگرنے کہا کہ پاکستان 14اگست کو معرض وجود میں آیا اوریہ وطن بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کے حصول میں ان گنت جانیں قربان ہوئیں اور ہمارے آبا و اجداد نے اپنا دن رات ایک کرکے اس وطن کے خواب کو حقیقت کا روپ دیالہٰذایہ آزادی ہمیں بہت مشکل سے ملی ہے اسلئے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہمیں اسی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے جو کہ قائداعظم کی قیادت میں تحریک پاکستان میں موجود تھا۔انہوں کہا کہ کسی بھی قوم کیلئے آزادی کا دن کسی بڑی نعمت سے کم نہیں ہوتامگر آزادی کی حقیقت اور اہمیت کو وہی سمجھ سکتا ہے جس نے غلامی کی زندگی گزاری ہو کیونکہ قید چاہے سونے کے پنجرے میں ہو یا ہیروں سے جڑے قفس میں آزادی کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی 14اگست2025کا کیک کاٹا گیااور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے۔