محکمہ جنگلی حیات کی کارروائیاں، بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ میں مشغول 16ملزمان کیخلاف مقدمات درج

اتوار 10 اگست 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار خصوصا فالکن و بٹیر کی نیٹنگ کی روک تھام کیلئے فیلڈ ایریاز کی مانیٹرنگ جاری ، صوبہ کے مختلف مقامات پر بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ میں مشغول 16ملزمان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن احسان احمد راجہ کی سر براہی میں وائلڈ لائف رینجرز چیچہ وطنی نے بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ میں مشغول ایک شخص کی موقع سے جال پٹی برآمد کر کے تھانہ شاہ پور میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے ،اسیطرح ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ریجن نعیم طاہر کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ولیہ رانا محمد اشفاق نے وائلڈ لائف رینجرز سرگودھاولیہ کے ہمراہ تھانہ شاہ پور سٹی, شاہ پور صدر ,جھال چکیاں ،ساہیوال اور تھانہ لیہ کے مختلف مقامات سے غیر قانونی نیٹنگ بٹیر میں ملوث 12ملزمان کے آ لات نیٹنگ ٹیپ ریکارڈرز،بیٹریاں اور جال پٹیاں برآمد کر کے وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقامی تھانوں شاہ پور سٹی ،شاہ پور صدر،جھال چکیاں ،ساہیوال اور لیہ میں ایف آئی آرز درج کروا کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع جہلم محمد تیمور نے تھانہ سوہاوہ کے ایریا سے بٹیر اور تیتر کی نیٹنگ میں مشغول 1 شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 10 زندہ بٹیر ،3 بھورے تیتر اور 2 کالے تیتر برآمد کر کے اس کے اور اس کے ایک دیگر ساتھی کیخلاف تھانہ سوہاوہ میں ایف آئی آر درج کروا دی جبکہ تیتر کی نیٹنگ میں مشغول ایک شکاری کو ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گجرات ریجن سید عثمان الحسن کی سربراہی میں گرفتار کرکے اسکے خلاف تھانہ سرائے عالمگیر میں ایف آئی آر درج کروا کر قانونی کارروائی شروع کردی۔

یادرہے کہ وائلڈ لائف ایکٹ مجریہ 1974 کیمطابق عام بٹیر کا قانونی شکار گن کیساتھ مستند اسلحہ وشوٹنگ لائسنس/پرمٹ کیساتھ 15 اگست سے 15 اپریل تک محض اتوار والے دن کھیلا جا سکتا ہے تاہم بٹیر کی نیٹنگ بذریعہ جال پٹی ،ٹیپ ریکارڈر اور ہر طرح کی الیکٹرانک ڈیوائسز کے ساتھ صریحا ممنوع ہے۔