ْجے ایس ایم یو نے پہلے انٹر میڈیکل یونیورسٹی"اگنائٹ 25" فٹسال ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی

اتوار 10 اگست 2025 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے پہلا "اگنائٹ 25" انٹر میڈیکل یونیورسٹی مینز فٹسال ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں ضیاالدین یونیورسٹی کو 4-3 سے شکست دی۔ یہ ایونٹ، جے ایس ایم یو کی آزادی تقریبات کا حصہ تھا جس کا موضوع "معرکہ حق" اور "بنیان المرصوص" کو خراجِ تحسین تھا۔ اس میں نو میڈیکل یونیورسٹیز نے حصہ لیا جبکہ جے ایم ڈی سی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کھلاڑیوں میں نمایاں کارکردگی کے ایوارڈز ربیع(جے ایس ایم یو)، اسفند یار بلوچ (ضیاالدین یونیورسٹی)، عمر حسن (جے ایس ایم یو)، اور مبین اسلم (جے ایس ایم یو)کو دیے گئے۔ فائنل میں پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر امبرین عثمانی، پرنسپل ایس آئی او ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر ساجد حنیف، پرنسپل آئی پی ایس پروفیسر ہما علی، ڈائریکٹر فنانس جناب خرم خالد اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز محترمہ زوہرہ سیمیں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے جے ایس ایم یوکی فاتح ٹیم اور تمام ٹیموں کو شاندار کھیل اور اسپورٹس مین اسپرٹ پر مبارکباد پیش کی۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سہراب زمان، محترمہ زوہرہ سیمیں، صدر اسٹوڈنٹ یونین لامعہ بنت سہبان اور جے ایس ایم یو اسپورٹس سوسائٹی کو شاندار انتظامات پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔"اگنائٹ 25" آزادی، اتحاد اور نوجوانوں کے جذبے کا کھیلوں کے ذریعے ایک شاندار جشن تھا۔