الحمرا کلچرل کمپلیکس میں دو روزہ کھیل ''دی زیرو لائن '' اختتام پذیر ہوگیا

اتوار 10 اگست 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام اس کی ذیلی شاخ الحمرا کلچرل کمپلیکس میں تاریخی پس منظر پر مبنی دو روزہ کھیل ''دی زیرو لائن'' متاثر کن یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب و ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا طاہر رضا ہمدانی نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ یہ کھیل الحمرا کی ایک اہم پیش رفت ہے، ہمارے ہاں نان وربل ڈراموں کا رواج کم ہے جسے الحمرا آرٹس کونسل نے اپنے پلیٹ فارم کی زنیت بنایا ہے،تھیٹر جیسے آرٹ میں معاشرتی روایات کو زندہ رکھنے کی کامیاب کوشش کی جاتی ہے،یہ فنون کا اہم ستون ہے اور میڈیم انسانی جذبات و احساسات کو زبان دیتا ہے۔

چیئرمین الحمرا رضی احمدنے کہا کہ الحمرا تھیٹر کی بقا و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے،یہ اپنی بات کو عوام تک پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ڈرامہ الحمرا اور ماس تھیٹر کی مشترکہ پیشکش تھی جسے عامر نواز نے ڈائریکٹ کیا تھا،ڈرامہ میں پرفارم کرنے والوں نے مکالموں کے بغیر رقص کے ذریعے نوجوان تک انتہائی اہم پیغام پہنچایا،ان اداکاروں میں حسن رضا، زینب ارشد، عامر علی، ظہیر تاج و دیگر نے پرفارم کیا۔

دی زیرو لائن میں دیکھایا گیا ہے کہ جب دو کمیونٹیز اپنی بھرپور قدروں کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، تب ان میں کسی تیسری قوت کا شامل ہونا ایک لائن کھینچنے کے مترادف ہوتا ہے اور وہی کچھ ہماری تقسیم سے قبل ہوا،یہ پیغام آج کی نوجوان نسل تک پہچانا انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر الحمرا کلچرل کمپلیکس محمد اعظم نے ڈرامہ دیکھنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ہونے والی سرگرمیوں میں شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوان :