Live Updates

ڈاکٹرنبیحہ کا مکان کی ملکیت کا دعویٰ غلط نکلا، ویڈیو میں حقیقت سامنے آگئی

بدھ 3 ستمبر 2025 16:50

ڈاکٹرنبیحہ کا مکان کی ملکیت کا دعویٰ غلط نکلا، ویڈیو میں حقیقت سامنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)لاہور کی پارک ویو سوسائٹی کی رہائشی ڈاکٹر نبیحہ علی کے مکان کی ملکیت کے دعوے کی نئی ویڈیو میں تصدیق ہوگئی۔گزشتہ دنوں دریائے راوی میں سیلاب آنے کے بعد لاہور کی پارک ویو سوسائٹی سمیت متعدد ہائوسنگ سوسائٹیز میں پانی داخل ہوگیاجس کے نتیجے میں کئی گھر زیرِ آب آگئے۔متاثرہ رہائشی سوشل میڈیا پر اپنے گھروں کی حالت کی ویڈیوز شیئر کر رہے تھے جن میں ڈاکٹر نبیحہ علی خان بھی شامل تھیں۔

ڈاکٹر نبیحہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے پارک ویو سوسائٹی میں پانچ سال پہلے گھر خریدا تھا، دو سال قبل وہ اسی سوسائٹی میں کرایہ پر رہ رہی تھیں،ان کے مطابق گھر بنانے کے لیے زمین ان کے بھائی نے خرید کر اس پر مکان تیار کیا تھا، پانچ سال کے دوران انہیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں آئی تھی، یہاں رہائش اختیار کرنے کی وجہ سیکیورٹی اور محفوظ ماحول تھا اور ماضی میں سوسائٹی کے حوالے سے کبھی کوئی شکایت نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد سوسائٹی کے کئی گھر زیرِ آب آ گئے اور لوگ سوسائٹی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے، ان کا گھر اوورسیز بلاک میں واقع ہے جس میں اب وہ مزید رہائش اختیار نہیں کرنا چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ سوسائٹی کے مالکان انہیں معاوضہ فراہم کریں کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ یہاں ہر قسم کی سہولت میسر ہوگی۔ڈاکٹر نبیحہ کے مطابق انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے میں گھر خریدا تھا اور ان کے پاس اتنی رقم نہیں کہ بار بار گھر خرید سکیں۔

انہوں نے یہ ویڈیو اس لیے بنائی کہ سوسائٹی کے دیگر رہائشیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی جا سکے نہ کہ ذاتی مفاد کے لیے۔حال ہی میں سوشل میڈیاپر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ڈاکٹر نبیحہ کے مکان کے اصل مالک مزمل موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2024 میں ڈاکٹر نبیحہ کے بھائی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور اس وقت انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ ڈاکٹر نبیحہ کے بھائی ہیں۔

مزمل کے مطابق ڈاکٹر نبیحہ کرایہ دار ہیں مکان کی مالک نہیں، اگر انہیں بات کرنی تھی تو پوری سوسائٹی کے بارے میں کرنی چاہیے تھی، نہ کہ وہ خود کو مالک مکان ظاہر کرتیں۔اس دوران ڈاکٹر نبیحہ بھی آگئیں اور انہوں نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ مکان ان کا ہے،ان کے مطابق مسئلہ مکان کا مالک ہونا نہیں بلکہ نقصان اور سیلاب سے متاثرہ فیملی اور دیگر رشتہ دار ہیں۔انہوں نے ویڈیو اس لیے بنائی تاکہ گھر میں پڑے قیمتی سامان اور سوسائٹی کے دیگر رہائشیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جا سکے۔ڈاکٹر نبیحہ نے کہا کہ اس پوری صورتحال کے دوران ان کا آئی فون 16 پرو میکس بھی گم ہوگیا تھا، جو کہ ابھی تک نہیں ملا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات