Live Updates

مشی خان کا پاکستان میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور جسم فروشی پر تشویش کا اظہار

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:00

مشی خان کا پاکستان میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور جسم فروشی پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور جسم فروشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرتی بگاڑ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور قانونی ادارے اس کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز دیکھ چکی ہیں جن میں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کی سڑکوں پر رات کے وقت لڑکیاں، خواتین اور ٹرانسجینڈر کھڑے نظر آتے ہیں اور جنسی خدمات فراہم کرتے ہیں، جنہیں مخصوص نرخ پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مشی خان نے کہا کہ یہ رجحان معاشرے میں تیزی سے عام ہوتا جا رہا ہے اور قانونی ادارے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مساج پارلر، ماڈلنگ کے نام پر اسکارٹ سروسز، وی آئی پی لڑکیاں، بڑے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کی بھی نشاندہی کی۔اداکارہ نے کہا کہ اس بڑھتی ہوئی فحاشی کی وجہ سے ملک میں ایچ آئی وی اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے اور بچوں میں منشیات کا استعمال اور بے ہودہ تقریبات بھی عام ہوتی جا رہی ہیں۔

مشی خان کے مطابق معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیاں عام ہو رہی ہیں اور پھر لوگ شکایت کرتے ہیں کہ سیلاب کیوں آرہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ایسے علاقوں کی نگرانی کی جائے اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشرتی بگاڑ کو روکا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس پر فوری توجہ درکار ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات