بلوچستان میں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت کو بیٹے سمیت اغواء کرلیا

حملہ آوروں کی جانب سے اے سی زیارت کے گن مینوں اور ڈرائیور کو بحفاظت چھوڑ دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 اگست 2025 20:44

بلوچستان میں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت کو بیٹے سمیت اغواء کرلیا
زیارت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2025ء ) صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت کو ان کے بیٹے سمیت اغواء کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت افضل باقی کو ان کے جوان بیٹے سمیت سیاحتی مقام زیزری سے اغواء کیا گیا، لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اے سی زیارت کے گن مینوں اور ڈرائیور کو بحفاظت چھوڑ دیا، تاہم اے سی کی گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا گیا چند روز قبل بھی بلوچستان سے ایک اسسٹنٹ کمشنر کو اغواء کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللّٰہ درانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے زیارت کے ضلعی افسر کو ان کے بیٹے سمیت اغواء کرلیا ہے، ضلعی افسر اپنے بیٹے کے ساتھ سیاحتی مقام زیزری گئے تھے جہاں سے انہیں اغواء کیا گیا، مسلح افراد نے گن مین اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا اور ضلعی افسر کی سرکاری گاڑی کو بھی آگ لگا دی، زیارت کے ضلعی افسر اور ان کے بیٹے کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔