بھارت کیخلاف جنگ میں فتح ،پاک سعودیہ دفاعی معاہدے نے اسلامک نیٹو کی بنیاد رکھ دی ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

اسلامک نیٹو کا قیام مشرق وسطی میں قیام امن کی ضمانت ہو گا،مشرق وسطیٰ کے دفاع کو مضبوط تر بنانا تمام مسلمان ممالک کی اولین ترجیح ہے ، بیان

جمعرات 25 ستمبر 2025 21:10

بھارت کیخلاف جنگ میں فتح ،پاک سعودیہ دفاعی معاہدے نے اسلامک نیٹو کی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف حالیہ فتح اور پاک سعودیہ دفاعی معاہدے نے اسلامک نیٹو کی بنیاد رکھ دی ہے یہ وہ مرحلہ ہے جس کا خواب اسلامی دنیا نے دہائیوں قبل دیکھا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات تو ہمیشہ سے شاندار رہے ہیں لیکن حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد اس وقت یہی تعلقات اپنی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اجتماعی دفاع کو مضبوط تر بنانا تمام مسلمان ممالک کی اولین ترجیح ہے پاکستان نے حال ہی میں بھارت کے خلاف جنگ جیت کر مسلمان ممالک کو ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کی عسکری مہارت اور صلاحیتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستان کا بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنا گویا اسلامک نیٹو کے قیام کا اعلان تھا۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے باہمی اتحاد کی ضرورت کو مدتوں سے محسوس کر رہے تھے اسلامک نیٹو کے باضابطہ قیام اور توسیع کے لئے پہلے مرحلے میں ایران, ترکی اور قطر کا پاک سعودیہ دفاعی معاہدے میں شامل ہونا ان ممالک کے تحفظ کی ضمانت ہوگا اسلامک نیٹو دفاعی کا قیام مشرق وسطی کا نقشہ بدل کے رکھ دے گا۔

اسلامک نیٹو کا قیام خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دے گا پاکستان کے پاس موجود 170 سے زائد ایٹمی ہتھیار مسلم ممالک کو ایک ایسا ڈیٹرنٹ فراہم کریں گے جو حریف ممالک کے لیے واضح پیغام ہوگا مستقبل میں تمام مسلم ممالک اسلامی نیٹو کے تحت اسرائیل کی بربریت سے محفوظ ہو سکیں گے۔