Live Updates

27 ستمبر کا تاریخی جلسہ ملک میں رائج ہائبرڈ نظام کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوگا

ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کا قیام ہوگا، پشاور کے کارکنان نے ہمیشہ ہر تحریک میں صف اول کا کردار ادا کیا، رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 ستمبر 2025 23:20

27 ستمبر کا تاریخی جلسہ ملک میں رائج ہائبرڈ نظام کے خاتمے کی بنیاد ثابت ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 ستمبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا تاریخی جلسہ ملک میں رائج ہائبرڈ نظام کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوگا، ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کا قیام ہوگا۔ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ آج میں نے صوبائی صدر جنید اکبر خان، جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم اور جنرل سیکرٹری خورشید عالم کے ہمراہ فارم 45 کے مطابق حقیقی ایم پی اے کامران خان بنگش اور ایم این اے آصف خان کی زیرِنگرانی ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔

پشاور کے ورکرز کے ساتھ میرا رشتہ برسوں پرانا ہے، پشاور کے کارکنان نے کبھی ہمیں مایوس نہیں کیا بلکہ ہمیشہ عمران خان کی قیادت میں ہر تحریک میں صفِ اول کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان شاء اللہ 27 ستمبر کا تاریخی جلسہ اس ملک میں رائج موجودہ ہائبرڈ نظام کے خاتمے، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ایک آزاد عدلیہ کے قیام کی بنیاد ثابت ہوگا۔ ہم نے پشاور کے مختلف بازاروں میں 27 ستمبر کے تاریخی جلسے کے لیے بھرپور مہم چلائی۔

عوامی جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ ان شاء اللہ یہ جلسہ تاریخ رقم کرے گا۔ مزید برآں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 17 جنوری کو سزا ہوئی اور اب 25 ستمبر آگیا ہے، ہم نے انصاف کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا اور ہر دروازے پر جاتے بھی ہیں، شاید ہمارے پاس جو چابی ہے اس سے دروازہ نہیں کھلا۔

عدالت ہماری آخری امید ہے اور ہم انصاف کے طلب گار ہیں، کیس نہ سننے سے دوریاں پیدا ہوتی ہیں، اور شکوک شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کیلئے وکلا تحریک چلائیں گے اور ہم ساتھ دیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مضبوط عدلیہ ہی عوام کو ان کے حقوق دلا سکتی ہے، عدلیہ صرف ججز کا نام نہیں بلکہ جمہوریت کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح میڈیا آزاد ہے اسی طرح عدلیہ بھی آزاد ہونی چاہیے، وکلا کی جدوجہد نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا ایک ہیں، دونوں کی جدوجہد نے تاریخ بدلی، نظام کی بہتری کیلئے مستقل جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں متعدد کانفرنسز ہوئیں مگر نتیجہ نہیں نکلا، پی ٹی آئی کے سوا کسی ایک بھی سیاسی جماعت نے بھی بروقت الیکشن کیلئے پٹیشن فائل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود عمل کرانے کیلئے کوئی بھی آگے نہ بڑھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات