گلگت، سیلاب متاثرہ دینور نالے کی بحالی کے کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے آٹھ رضاکار جاں بحق ، متعدد زخمی ہوگئے

پیر 11 اگست 2025 11:42

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) گلگت کی سیلاب سے متاثرہ دینور نالے کی بحالی کے کام کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم آٹھ رضاکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق رضاکار پانی کے بہاؤ کو بحال کرنے کے لیے نالے کو ٹھیک کر رہے تھے کہ ایک پہاڑی تودہ گرنے سے 15 افراد دب گئے۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع موصول ہوتے گلگت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، تمام ایمرجنسی عملے اور ڈاکٹروں کو فوراً طلب کر لیا گیا اور آپریشن تھیٹرز کو تمام ضروری ایمرجنسی ادویات فراہم کر دی گئیں۔

ایم ایس خود ایمرجنسی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت پیار علی، نائیک عالم، آدم علی، اظہر الدین، آفاق اظہر اور دلدار کے نام سے ہوئی ، سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔تین افراد شدید زخمی ہوئے جن میں عزیز ،امان اور انور شامل ہیں جبکہ دو افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔