فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کانوٹیفکیشن کے اجرا پراظہا رتشکر

پیر 11 اگست 2025 13:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے تاجروں کے خلاف انکوائریوں اور گرفتاریوں کے خلاف بزنس کمیونٹی کی اجتماعی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے جس کے نتیجہ میں ان لامحدود اختیارات کو محدود کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اس سلسلہ میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی وجہ سے اس معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کر لیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی بھی مشکور ہے جنہوں نے تاجروں کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر چیمبر اور ایف بی آر کے نمائندگان پرمشتمل کمیٹی قائم کی جس نے فیصلہ کیا کہ اس کمیٹی کی اجازت کے بغیر تاجروں کے خلاف نہ تو انکوائری ہو گی اور نہ ہی گرفتاریاں کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

ریحان نسیم بھراڑہ نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جو تاجروں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے اور اس سے تاجر برادری کے خدشات بھی دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم سب مل کر اکٹھے چل سکیں گے تاکہ وطن عزیز کو پائیدار، منظم اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔