جولائی میں سالانہ بنیاد پر گاڑیوں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ

فروخت11 ہزار 34 یونٹس رہی ،ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی

بدھ 13 اگست 2025 15:17

جولائی میں سالانہ بنیاد پر گاڑیوں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں گاڑیوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 28 فیصد بڑھ گئی تاہم ماہانہ فروخت میں کمی دیکھی گئی۔پک اپ، وینز اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کی فروخت جولائی میں سال بہ سال 28 فیصد بڑھ کر 11 ہزار 34 یونٹس تک پہنچ گئی تاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حال ہی میں متعارف کرائی گئی ہونڈا آئیکون ای ای وی اسکوٹر نے 313 یونٹس کی پیداوار اور 303 یونٹس کی فروخت کے ساتھ سبقت حاصل کی۔روایتی طور پر پیٹرول بائیکس بنانے والی کمپنی یونائیٹڈ نے بھی جولائی 2025 میں 229 یونٹس کی پیداوار اور 270 یونٹس کی فروخت رپورٹ کی، جو جولائی 2024 کے 88 اور 74 یونٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

چار پہیوں گاڑیوں کی کیٹیگری میں ہونڈا سوک/سٹی، سوزوکی سوِفٹ اور ٹویوٹا کرولا/یارس/کراس کی فروخت بالترتیب 1 ہزار 143، 522 اور 2 ہزار 418 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال جولائی میں 790، 502 اور 1 ہزار 106 یونٹس تھی، اس طرح ان ماڈلز کی فروخت میں بالترتیب 45 فیصد، 4 فیصد اور 119 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ہنڈائی ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت بھی بہتر رہی، جو جولائی 2024 کے 33 اور 34 یونٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 141 اور 66 یونٹس تک پہنچ گئی، جب کہ سوزوکی کلٹس کی فروخت 96 سے بڑھ کر 239 یونٹس ہو گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سوزوکی ویگن آر کی کوئی پیداوار نہیں ہوئی، جس سے امکان ہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے یہ ماڈل بند کر دیا ہے۔دوسری جانب سوزوکی آلٹو کی فروخت 2 ہزار 869 یونٹس سے کم ہو کر 2 ہزار 327 یونٹس رہ گئی۔ٹویوٹا فورچیونر اور ریوو کی فروخت 558 یونٹس سے بڑھ کر 919 یونٹس ہو گئی، جب کہ ہنڈائی ٹکسن اور ہونڈا بی آر-وی/ایچ آر-وی کی فروخت بالترتیب 113 اور 141 یونٹس سے بڑھ کر 546 اور 357 یونٹس ہو گئی۔

سازگار کی ہیول اور جیک ایکس 200 کی فروخت بالترتیب 824 اور 102 یونٹس سے بڑھ کر 1 ہزار 79 اور 149 یونٹس تک پہنچ گئی، ہنڈائی پورٹر اور سانتافے کی فروخت 349 اور 58 یونٹس سے بڑھ کر 395 اور 77 یونٹس رہی، جو بالترتیب 13 فیصد اور 33 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ٹریکٹر سیکٹر میں فروخت سال بہ سال 18 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 57 فیصد کمی کے ساتھ 1 ہزار 195 یونٹس رہ گئی، جس کی وجہ کمزور زرعی معیشت اور دیہی طلب میں کمی بتائی گئی۔ٹرک اور بسوں کی فروخت جولائی 2025 میں 374 یونٹس رہی، جو سال بہ سال 22 فیصد اضافہ لیکن ماہانہ بنیاد پر 49 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔