تعطیلات کے دوران اسکول کھولنے پر متعدد نجی تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری

خفیہ ٹیموں کے چھاپوں کے دوران اسکولز کھلے پائے گئے، ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی

پیر 11 اگست 2025 15:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) لاہور کی ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی نے تعطیلات کے دوران اسکول کھولنے پر متعدد نجی تعلیمی اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ۔گرمی کی تعطیلات کے دوران اسکولز کھلنے پر ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کی13اسکولز کو شوکاز نوٹس جاری کردیے۔ خفیہ ٹیموں کے چھاپوں کے دوران اسکولز کھلے پائے گئے۔

(جاری ہے)

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکولز کھول کر پنجاب پرائیوٹ ایجوکیشنل ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی، پرنسپل ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کے سامنے پیش ہوں، اسکولز کھولنے کی وجہ بتائی جائے ورنہ قانونی کارروائی ہوگی۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ چھٹیوں میں اضافے کا فیصلہ نجی اسکولز پر بھی لاگو ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کے خلاف والدین شکایت درج کرائیں۔واضح رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے جمعرات کو اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب بھر میں تمام اسکول اب یکم ستمبر کو کھلیں گے۔ اس سے قبل پنجاب کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک رکھی گئی تھیں۔