Live Updates

بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کی نیلامی کی زیرِگردش خبریں بے بنیاد قرار

نیلامی کے احکامات اشتہاری ملزمان کی حد تک ہیں، عمران خان کی کوئی جائیداد نیلامی کے فیصلے میں شامل نہیں؛ نیب ذرائع

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 13:25

بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کی نیلامی کی زیرِگردش خبریں بے بنیاد قرار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر کی نیلامی کی زیرِگردش خبریں بے بنیاد قرار دے دی گئیں۔ اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کی نیلامی کی زیر گردش خبریں بے بنیاد ہیں، 190 ملین پاونڈ کیس میں بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، عمران خان کی جائیدادوں کی نیلامی نہیں کی جا رہی کیوں کہ عمران خان 190ملین پاؤنڈ کیس میں سرنڈر کر چکے ہیں اور ان کی جائیدادوں کی نیلامی کے کوئی احکامات موجود نہیں، نیلامی کے احکامات اشتہاری ملزمان کی حد تک ہیں، عمران خان کی کوئی جائیداد 190 ملین پاونڈ کیس کے فیصلے میں شامل نہیں۔

IK property fake ad
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک اشتہار پر ردعمل دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر آج ہی سامنے آئی ہے، اگر ایسا ہے تو یہ کسی خفیہ کارروائی کا نتیجہ ہے کیوں کہ بنی گالہ کے منتظمین تو اس سے مکمل طور پر لاعلم ہیں، ہماری لیگل ٹیم معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں سرگرم عمل ہے اور جلد صحیح معلومات سامنے آ جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر صحافی سہیل رشید نے کہا کہ میری ذاتی انڈسٹینڈنگ میں آج جس نیلامی کا اشتہار دیا گیا وہ عمران خان کا گھر یا ان کی ملکیتی جائیداد کا نہیں ہے بلکہ اشتہاری ملزمان اور بحریہ ٹاؤن کی زمینیں ہیں، عمران خان کا گھر حتمی فیصلے میں ضبط ہی نہیں ہوا تھا اور نہ ہی یہ اثاثوں کا کیس تھا، فیصلے میں ضبطگی صرف ٹرسٹ کی تھی۔ اسی طرح صحافی ثاقب بشیر نے کہا کہ میری رائے کی مطابق فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے نام جو زمین بحریہ ٹاؤن سے ٹرانسفر ہوئی تھی اور بعد میں چوں کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں فرح گوگی اشتہاری ہوئیں اس لیے ان کی جائیداد اٹیچ ہوئی ہے، اب اس کی نیلامی ہو رہی ہے کیوں کہ 240 کنال زمین اور 405 کنال زمین فرح گوگی کے نام ٹرانسفر ہونے کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات