بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا گیا

نئی دہلی میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پولیس نے کانگریس رہنماء کو حراست میں لیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 13:17

بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا گیا
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پولیس نے راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا، اس حوالے سے راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار سچ کی آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے، ہماری لڑائی جمہوریت اور ون مین ون ووٹ کی لڑائی ہے، ہمیں شفاف ووٹر لسٹیں چاہئیں، دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنماء نے پچھلے انتخابات میں نریندر مودی کی جیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں ووٹ چرائے اور عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا، کہیں ڈپلی کیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں تو کچھ حلقوں میں مکانوں کے جعلی ایڈرس بنائے گئے، کہیں جعلی تصاویر کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

راہول گاندھی اس حوالے سے دستاویزی ثبوت سامنے لے آئے اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ کم سے کم 100 سے زیادہ نشستوں پر ہیرا پھیری کی گئی، اگر جعل سازی نہ ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے، پچھلے انتخابات میں بی جے پی، وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا، الیکشن کمیشن جو کر رہا ہے وہ غداری ہے، ہم اس پر کارروائی کریں گے، یہ اس سے بچ نہیں سکیں گے۔